
لاہور کے مختلف علاقوں کینال روڈ، فیروز پور روڈ، کلمہ چوک، اچھرہ و دیگر علاقوں میں تیز آندھی کے جکھڑ چلے جس کے بعد بارش نے انٹری دے دی۔
تیز آندھی اور بارش کے باعث لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث شہر کے بیشتر علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے، باغبانپورہ ، سلامت پورہ ،جی ٹی روڈ، شالیمار ٹاؤن ،پرانا کاہنہ، ڈیفنس، کوٹ لکھپت اور چوبرجی پارک میں بجلی بند ہو گئی۔
اسی طرح مغل پورہ، شالیمار، صدر،بھٹہ چوک ،بیدیاں روڈ ،اسلام پورہ ،قلعہ گجرسنگھ ، ڈیوس روڈ کے متعدد علاقے بھی بجلی کی بندش کے باعث اندھیرے میں ڈوب گئے۔
علاوہ ازیں پنجاب کے مختلف شہروں سرگودھا، خوشاب، حافظ آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیروزوالہ، ہری پور، شیخوپورہ میں بھی تیز آندھی کے ساتھ بادل برسے۔
تیز آندھی کے باعث مختلف شہروں میں دیواریں گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے، سرگودھا میں تیز آندھی کے باعث دیوار گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر دو بچے زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
اسی طرح سرگودھا میں تیز آندھی کے باعث گھر کی دیوار گرنے سے ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی تیز آندھی کے باعث درخت گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی جانب سے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ بارشوں اور آندھی کا سلسلہ 4 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں،صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے،1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں، شہری غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور گاڑی آہستہ چلائیں۔



