
پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کو لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا، اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے ملزمہ کیخلاف مقدمہ کی سماعت کی۔
سماعت شروع ہو ئی تو پولیس کی جانب سے ملزمہ صنم جاوید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تاہم ملزمہ کے وکلاء کی جانب سے پولیس کی استدعا مسترد کرنے کی درخواست کی گئی۔
بعدازاں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے صنم جاوید کے جسمانی ریمانڈ کے حوالے سے پولیس کی استدعا منظور کرلی، عدالت نے ملزمہ صنم جاوید کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز صنم جاوید اور ان کے شوہر کو پولیس نے لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن سے حراست میں لیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کی متحرک کارکن ملزمہ صنم جاوید اور ان کے خاوند کو 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں انویسٹی گیشن پولیس تھانہ اسلام پورہ نے تحویل میں لیا تھا۔
یاد رہے کہ ملزمہ صنم جاوید اس سے قبل بھی 9 مئی مقدمات میں جیل میں رہ چکی ہے، صنم جاوید کئی ماہ جیل میں گزارنے کے بعد گزشتہ برس رہائی پا کر گھر پہنچی تھیں۔
خیال رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں پرتشدد احتجاج کیا گیا تھا اور فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا تھا جس پر تحریک انصاف کی مرکزی قیادت سمیت کارکنان پر مقدمات درج کیے گئے تھے۔



