سرکاری ہسپتالوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ ریفرل سسٹم کے نفاذ کا فیصلہ
 پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ ریفرل سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نےجامع پلان طلب کر لیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ ریفرل سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نےجامع پلان طلب کر لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ہیلتھ ریفارمز کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ ریفرل سسٹم نافذ کیا جائے گا، مراکز صحت، ہیلتھ کلینک اور چھوٹے ہسپتالوں سے سپیشلائزڈ ہسپتالوں میں مریضوں کا بے جا لوڈ کم کرنے کیلئے فول پروف ریفرل سسٹم نافذ کیا جائیگا۔

دوران اجلاس فیصلہ کیا گیا کہ ٹیکساس، جدہ، دوحہ کی طرز پر لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل سٹی قائم کیا جائے گا، عالمی معیار کے میڈیکل سٹی کے قیام کے لئے پروفیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

میڈکل سٹی لاہور میں بہترین پرائیویٹ ہسپتال قائم کرنے کے لئے بنیادی سہولتیں حکومت پنجاب فراہم کرے گی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے میڈیکل سٹی لاہور کے لئے مناسب مقام پر اراضی مختص کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں میڈیکل سٹی اتھارٹی کے قیام کی بھی اصولی منظوری دے دی گئی۔

دوران اجلاس ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں میڈیکل سٹی قائم کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ڈسٹرکٹ لیول پر سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل فیسلٹی قائم کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی ، سرکاری ہسپتالوں سے متعلق امور کے لئے خصوصی ہیلپ لائن 999 بھی قائم کی جائے گی۔

اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے ہیلتھ ریفارمز بارے تفصیلی بریفنگ بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول کے سلسلے میں 92 فیصد بہتری آئی ہے جبکہ ادویات کی فراہمی کے عمل میں 92 فیصد بہتری کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور کے ہسپتالوں میں مریضوں کو دستیاب سہولتوں میں 83 اور ڈیوٹی روسٹر ڈسپلے احکامات پر 75 فیصد عملدرآمد ہورہا ہے، ہسپتالوں میں مریضوں کی شکایات کے ازالے کے سسٹم میں 75، ہسپتالوں میں کیو(que) مینجمنٹ سسٹم میں 71 اور ہسپتالوں میں صفائی کے امور میں 84 فیصد بہتری نوٹ کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ہوم ڈلیوری میڈیسن میں کامیابی کا تناسب 83، پارکنگ اور کیفے ٹیریا سے متعلق امور میں 84، پتھالوجی اور ڈائیگناسٹک، بلڈ بنک کے امور میں 93 اورفائی سیفٹی کے امور میں 83 فیصد بہتری آئی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی ٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ سروسز فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔