کرینہ کپور میری بیوی رہی ہیں، مفتی قوی حیران کن دعویٰ
Mufti Qawi claim marriage with Kareena kapoor
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) متنازع بیانات اور حیران کن دعووں کی وجہ سے ہمیشہ خبروں میں رہنے والے مفتی عبدالقوی نے ایک بار پھر ایسا انکشاف کر دیا جس نے سوشل میڈیا، شوبز انڈسٹری اور مذہبی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور ان کی بیوی رہ چکی ہیں اور انہوں نے ان سے نکاح کر رکھا تھا۔

مفتی قوی کا کہنا تھا کہ ان کا کرینہ کپور سے تعلق 1996 میں قائم ہوا جب اداکارہ کی عمر 21 سے 23 سال کے درمیان تھی، اُس وقت کرینہ کپور شہرت کی بلندیوں پر نہیں پہنچی تھیں، اسی لیے ان دونوں کے درمیان تعلقات تیزی سے بڑھے اور 1999 تک یہ تعلق گہرے رشتے میں بدل گیا۔

ان کے بقول کرینہ کپور ان کے نکاح میں تھیں جس بنا پر وہ ایک عرصہ پاکستان کی بھابھی بھی رہی ہیں۔

مفتی قوی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ جوانی میں نہایت خوبصورت تھے اور انہیں کئی سال تک سیٹھ شاہد کے نام سے پکارا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس دور میں ان کے دبئی، بھارت اور مختلف کاروباری شخصیات سے قریبی روابط تھے، جس کے باعث وہ اکثر بھارت جایا کرتے تھے، بھارت میں ان کے دوست ان سے پوچھا کرتے تھے کہ آج کس کو دیکھنا یا ملنا ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان ہندو خواتین سے نکاح کر سکتے ہیں اور چونکہ ہندوؤں کے پاس بھی الہامی کتاب موجود ہے، اس لیے انہوں نے کرینہ کپور سے نکاح کرنے میں کوئی تردد محسوس نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹر عفان کا اہلیہ کیساتھ وی لاگز بنانے پر تنقید کرنیوالوں کو کرارا جواب

 

 

پوڈکاسٹ کے دوران ایک اور حیران کن بیان دیتے ہوئے مفتی قوی نے کہا کہ اگر آج بھی ایشوریا رائے کی جانب سے نکاح کا پیغام آئے تو وہ بغیر کسی تاخیر کے تیار ہیں کیونکہ وہ انہیں شروع سے پسند کرتے رہے ہیں۔

مفتی قوی کے ان دعوؤں نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا ہے، جہاں کئی صارفین ان کے بیانات کو مزاحیہ، غیر سنجیدہ اور توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں، وہیں چند افراد ان سے ثبوت کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔