کرشمہ کپور کے سابق شوہراچانک چل بسے
Sanjay Kapoor
فائیل فوٹو
نیو دہلی: (ویب ڈیسک) مشہور بالی وڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر اور معروف بھارتی صنعت کار سنجے کپور 53 سال کی عمر دل کا دورہ پڑنے سے اچانک انتقال کرگئے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹس کے مطابق سنجے کپور لندن کے نواحی علاقے میں واقع گارڈز پولو کلب میں پولو کھیل رہے تھے کہ اچانک گر پڑے،انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

 رپورٹ میں مزید یہ بتایا گیا ہےکہ انہیں پولو میچ کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑا تھا۔ 

سنجے کپورمعروف آٹو موبائل کمپنی سونا کومسٹار کے چیئرمین تھے، جو عالمی سطح پر آٹو پارٹس فراہم کرنے والی مشہورکمپنی جانی جاتی ہے،انہوں نے اپنی تعلیم ایم آئی ٹی اور ہارورڈ بزنس سکول سے حاصل کی تھی۔

ذہن نشین رہے کہ سنجے کپور اور کرشمہ کپور کی شادی 2003 میں ہوئی تھی، تاہم باہمی اختلافات کے باعث 2016 میں اُن کی علیحدگی ہوگئ تھی ۔اُن کے دو بچے بیٹی سمیرا اور بیٹا کیان ہیں۔

خیال رہے کہ وفات سے چند گھنٹے قبل سنجے کپورنے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پراحمد آباد میں پیش آنے والے دردناک طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار بھی کیا تھا، جس کی پوسٹ سوشل میڈیا پر اب تیزی سے گردش کررہی ہے۔

سنجے کپور کی اچانک وفات پر بھارتی فلم انڈسٹری سمیت کاروباری حلقوں میں گہرے دکھ و غم کا اظہار کیا جارہا ہے۔

کرشمہ کپور سے تعزیت کیلئے کرینہ کپور، سیف علی خان، ملائکہ اروڑہ سمیت متعدد قریبی رشتہ دار اور دوست ان کے گھرپہنچ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ سنجے کپور کی آخری رسومات لندن میں ادا کیے جانے کا امکان ہے،تاہم اس حوالے سے اہل خانہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔