مشہور مصنف کمال پاشا خالقِ حقیقی سے جا ملے
Pakistani Scriptwriter Kamal Pasha
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کے ممتاز مصنف، کہانی نویس اور اسکرپٹ رائٹر محمد کمال پاشا طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

ان کے بیٹے عبداللہ کے مطابق وہ کئی ماہ سے علیل تھے اور مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

واضح رہے کہ محمد کمال پاشا کا شمار ان چند تخلیق کاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے پاکستانی سینما کو فکری، سماجی اور ادبی بنیادیں فراہم کیں۔ ان کے تحریر کردہ اسکرپٹس میں معاشرتی ناانصافی، غربت، محبت، انسانی اقدار، اخلاقی زوال اور زندگی و موت جیسے موضوعات کو نہایت موثر انداز میں پیش کیا گیا۔ ان کی تحریروں میں جہاں کہانی کی طاقت تھی، وہیں حقیقت کی عکاسی بھی نمایاں تھی۔

معروف سیاسی شخصیت پروفیسر ساجد میر انتقال کر گئے

 

کمال پاشا نے اپنے طویل اور کامیاب کیریئر میں 300 سے زائد فلموں کیلئے اسکرپٹس تحریر کیے۔ ان کی تحریریں صرف فلمی کہانیاں نہیں بلکہ معاشرتی شعور اور فکری بیداری کا ذریعہ بھی بنیں۔ ان کا قلم جادو کی طرح کرداروں میں جان ڈال دیتا تھا، جس نے فلم بینوں کو بارہا رُلایا، ہنسایا اور سوچنے پر مجبور کیا۔

شوبز انڈسٹری کے معروف فنکاروں، ہدایتکاروں اور ادیبوں نے کمال پاشا کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کمال پاشا کا خلا برسوں پر نہیں ہو سکے گا، وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔