انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے بھارت چھوڑنے کی وجہ سامنے آگئی
 خوبرو بالی ووڈ اداکارہ اور بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے بھارت چھوڑنے کی وجوہات سامنے آگئیں۔
فائل فوٹو
ممبئی : (ویب ڈیسک) خوبرو بالی ووڈ اداکارہ اور بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے بھارت چھوڑنے کی وجوہات سامنے آگئیں۔

معروف بھارتی اداکارہ مادھوری ڈکشت کے شوہر ڈاکٹر شری رام نینے نے انکشاف کیا ہے کہ ویرات کوہلی اور ان کی اہلیہ انوشکا جلد بھارت چھوڑ کر لندن منتقل ہو جائیں گے۔

ڈاکٹر نینے نے یوٹیوب پر جاری ایک ویڈیو میں انوشکا سے ہونے والی ایک ذاتی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے سٹار جوڑی کے بھارت چھوڑنے کی وجوہات سے پردہ اٹھادیا۔

شری نینے کے مطابق انوشکا شرما کا کہنا ہے کہ وہ بھارت رہ کر اپنی کامیابیوں کو پرسکون انداز میں انجوائے نہیں کرسکتے ،کسی ریستوران میں کھانا کھا رہے ہوں تو لوگ سیلفی لینے آ جاتے ہیں، اگرچہ یہ برا رویہ نہیں ہوتا مگر ایک حد کے بعد یہ مداخلت بن جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ویرات کوہلی اور انوشکا سمجھتے ہیں کہ ان کی ہر حرکت کو لوگ نوٹس کرتے ہیں جس سے کبھی کبھار الجھن بھی ہوتی ہے۔

ڈاکٹر نینے نے مزید بتایا کہ انوشکا اور کوہلی کی خواہش ہے کہ ان کے بچے ایک عام اور پُر سکون ماحول میں جوان ہوں، اس لیے انہوں نے بھارت میں شہرت کی چکا چوند سے دور لندن جیسے شہر کا انتخاب کیا ہے۔

یاد رہے کہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی 2013 میں پہلی بار ایک اشتہار کی شوٹنگ کے موقع پر ملے تھے جس پر دونوں نے ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع دیا تاہم 2017 میں انہوں نے ایک دوسرے کو جیون ساتھی چن لیا اور اٹلی میں ایک تقریب کےد وران شادی کے بندھن میں بندھے۔