
تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ مہاراشٹر کے ضلع ستارا کے علاقے سنگم مہولی میں پیش آیا، جہاں دریائے کرشنا اور دریائے وینا آپس میں ملتے ہیں، مذکورہ مقام ممبئی سے تقریباً 250 کلومیٹر دور واقع ہے، جہاں فلم کی شوٹنگ جاری تھی۔
پولیس کے مطابق، گانے کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد جس میں رنگوں کا استعمال کیا گیا تھا، سوربھ شرما ہاتھ دھونے کے لیے دریا کے کنارے گئے۔ ہاتھ دھونے کے بعد انہوں نے تیرنے کی کوشش کی لیکن دریائے کرشنا کے تیز بہاؤ کی وجہ سے وہ پانی میں بہہ گئے اور لاپتہ ہو گئے۔
فوری طور پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دی گئی، جس کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیم (NDRF)، مقامی پولیس اور رضاکاروں نے مشترکہ طور پر تلاش کا آغاز کیا۔ تاہم اندھیرا ہونے کے باعث منگل کی رات سرچ آپریشن کو روک دیا گیا، جو اگلی صبح دوبارہ شروع کیا گیا۔
بالآخر جمعرات کی صبح تقریباً 7:30 بجے پولیس اور ریسکیو ٹیم نے سوربھ شرما کی لاش دریائے کرشنا سے برآمد کر لی۔ پولیس نے واقعے کو حادثاتی موت کے طور پر درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس واقعے نے فلم انڈسٹری اور سوربھ شرما کے ساتھیوں میں گہرے صدمے کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ رتیش دیش مکھ اور فلم کی ٹیم نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور مرنے والے کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔



