
تفصیلات کے مطابق اب شائقین فواد خان کی بھارتی فلم "عبیر گلال" کے گانوں کو یوٹیوب پر سننے یا دیکھنے سے قاصر ہیں، جس پر فواد خان کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر اپنی ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ صارفین کی جانب سے مسلسل سوالات کیے جا رہے ہیں، مگر ابھی تک کسی بھی پلیٹ فارم یا پروڈکشن ٹیم کی طرف سے کوئی باضابطہ بیان یا وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔
فواد خان کی یہ فلم ان کی بھارتی فلم انڈسٹری میں 9 سال بعد واپسی سمجھی جا رہی تھی اور اس فلم میں ان کے ہمراہ معروف بھارتی اداکارہ وانی کپور مرکزی کردار میں نظر آ رہی ہیں۔ فلم "عبیر گلال" کی ریلیز کی تیاریاں جاری تھیں کہ اچانک اس پر تنقید اور مخالفت کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے کے بعد بھارتی میڈیا اور عوام نے بغیر ثبوت پاکستان پر الزامات عائد کیے۔ اس کے بعد سے نہ صرف فلم کے گانے ہٹائے گئے بلکہ فلم کی ریلیز پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
فواد خان کے مداحوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات فنکاروں کی محنت کی توہین کے مترادف ہیں، اور فن کو سیاست سے الگ رکھا جانا چاہیے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری پر سیاسی اور عوامی دباؤ بڑھتا جا رہا ہے، خاص طور پر جب بات پاکستانی فنکاروں کی ہو۔ ایسے اقدامات سے نہ صرف فنکار متاثر ہوتے ہیں بلکہ فنونِ لطیفہ کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان بڑھنے والے تعلقات کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔



