میں قائداعظم سے ملا ہوں، اداکار فیصل رحمان کا انوکھا دعویٰ
پاکستان کے سینئر اور مایہ ناز اداکار فیصل رحمان نے سنو نیوز کے ٹی وی انٹرویو میں اپنی عمر سے متعلق ایسا انکشاف کیا جس نے دیکھنے اور سننے والوں کو حیرت میں ڈال دیا
پاکستان کے سینئر اور مایہ ناز اداکار فیصل رحمان / فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان کے سینئر اور مایہ ناز اداکار فیصل رحمان نے سنو نیوز کے ٹی وی انٹرویو میں اپنی عمر سے متعلق ایسا انکشاف کیا جس نے دیکھنے اور سننے والوں کو حیرت میں ڈال دیا۔

اداکار فیصل رحمان نے حال ہی میں سنو نیوز کے پروگرام "سنو تو سہی" میں شرکت جہاں میزبان نے ہنستے ہوئے سوال کیا کہ "آپ کی عمر 28 سال ہے، ٹھیک ہے؟" اس سوال پر فیصل رحمان مسکرائے اور انتہائی دلچسپ انداز میں جواب دیا۔ انہوں نے کہا، "میں اپنی اصل عمر نہیں بتاؤں گا، لیکن آپ کو ایک اشارہ دیتا ہوں، میں بہت چھوٹا تھا جب میں قائداعظم محمد علی جناح سے ملا تھا۔ ہم دونوں کی ایک میٹنگ بھی ہوئی تھی۔"

فیصل رحمان کے اس غیر متوقع جواب پر میزبان اور پروگرام کی ٹیم نے حیرت اور مزاح کے ملے جلے تاثرات دیئے۔ میزبان نے مزید کہا کہ "مجھے تو آپ 80 سال کے لگتے ہیں!" اس پر فیصل رحمان نے ہنستے ہوئے کہا، "نہیں، تھوڑا کم" انہوں نے مزید کہا، "آپ اس بات سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ میں قائداعظم سے ملا ہوا ہوں۔ اس وقت میں دو سال کا نہیں بلکہ اس سے کچھ زیادہ عمر کا تھا۔"

اداکار فیصل رحمان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور دیکھنے والوں میں بحث کا موضوع بن گیا۔ کچھ لوگ اسے مزاحیہ انداز میں لے رہے ہیں جبکہ کچھ شائقین کو تجسس ہوا کہ آخر ان کی اصل عمر کیا ہے۔ تاہم اداکار نے اپنی عمر کا براہ راست ذکر نہیں کیا بلکہ اسے ایک پرمزاح انداز میں مبہم رکھا۔

 فیصل رحمان پاکستان شوبز انڈسٹری کا ایک بڑا نام ہیں جنہوں نے کئی دہائیوں پر محیط کیریئر میں بے شمار ڈراموں اور فلموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ان کی اداکاری، وجاہت اور اسٹائل آج بھی نوجوان فنکاروں کے لیے ایک مثال ہے۔