جرمنی کا دو ماہ کیلئے پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس میں کمی کا اعلان
جرمنی نے توانائی بحرانے سے نمٹنے کے لیے پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس میں کمی کا اعلان کیا ہے۔
فائل فوٹو
برلن: (ویب ڈیسک) جرمنی نے توانائی بحرانے سے نمٹنے کے لیے پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس میں کمی کا اعلان کیا ہے۔

جرمن چانسلر فریڈرک مارز کا کہنا تھا کہ ایران جنگ کے باعث پیدا ہونے والے توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے دو ماہ کے لیے پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس میں کمی کی جائے گی، ایندھن پر ٹیکس میں تقریباً 17 یورو سینٹ فی لٹر کمی کی جائے گی۔

دوسری جانب جرمن وزارتِ معیشت نے خبر دار کیا ہے کہ ایران جنگ کے اثرات 2026 کے باقی عرصے میں بھی معیشت پر پڑتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ امریکا کی جانب سے ایران کی ناکہ بندی کے اعلان اور مذاکرات کی ناکامی کے بعد عالمی تیل مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران امریکا مذاکرات ناکامی کے فوراً بعد خام تیل کی قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی اور عالمی منڈی میں قیمتوں میں تقریباً 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ماہرین کے مطابق یہ اضافہ سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کے خدشات کے باعث ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں

اعدادوشمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 103 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جبکہ امریکی معیار کے ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 105 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے، اسی طرح متحدہ عرب امارات کا مرین خام تیل بھی 98 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو تیل کی قیمتیں مزید بلند سکتی ہیں، جس سے دنیا بھر میں مہنگائی کے نئے خدشات جنم لے سکتے ہیں۔