حصص بازار میں شدید مندی، سرمایہ کار پریشان
Pakistan stock market fall
فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) پاکستان کے حصص بازار میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز آغاز ہی سے شدید مندی دیکھنے میں آئی، جس کے باعث سرمایہ کاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق کاروبار شروع ہوتے ہی حصص کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی اور سو اشاریہ 1595 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 1 لاکھ 49 ہزار 129 کی سطح پر آ گیا، یہ کمی حالیہ دنوں میں سامنے آنے والی غیر یقینی معاشی صورتحال اور عالمی سطح پر کشیدگی کے اثرات کا نتیجہ ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز حصص بازار میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا تھا اور کاروبار کے اختتام پر سو اشاریہ 809 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 51 ہزار 207 کی سطح پر بند ہوا تھا، تاہم آج اچانک مندی نے سرمایہ کاروں کو حیران کر دیا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈیوں پر دباؤ ہے، جس کے اثرات پاکستان سمیت دیگر ایشیائی ممالک کے حصص بازاروں پر بھی پڑ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچستان حکومت نے ایرانی پٹرول کی قیمت 280 روپے لٹر مقرر کر دی

 

 

 

 

خبر رساں اداروں کے مطابق جاپان، تھائی لینڈ اور چین کے حصص بازاروں میں معمولی تیزی دیکھنے میں آئی، جبکہ انڈونیشیا، ہانگ کانگ اور ملائیشیا میں مندی کا رجحان غالب رہا۔

خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اگر عالمی صورتحال میں بہتری نہ آئی تو مقامی حصص بازار مزید دباؤ کا شکار رہ سکتا ہے۔