پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی
Pakistan Stock Exchange surge
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی اور مارکیٹ کا مرکزی 100 انڈیکس ایک بار پھر ایک لاکھ 58 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔

کاروبار کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور خریداری کے باعث 100 انڈیکس میں 2396 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 58 ہزار 173 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔

کاروبار کے دوران مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ بھی دیکھنے میں آیا، جہاں انڈیکس ایک موقع پر ایک لاکھ 56 ہزار 250 پوائنٹس کی نچلی سطح تک گیا تاہم بعد ازاں تیزی کے ساتھ اوپر آیا اور بلند ترین سطح کو چھو لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 55 ہزار 777 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے مقابلے میں آج نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری اور مختلف شعبوں میں خریداری بڑھنے کے باعث مارکیٹ میں مثبت رجحان پیدا ہوا ہے۔

دوسری جانب ایشیا کی دیگر مالیاتی منڈیوں میں بھی تیزی دیکھی جا رہی ہے، جاپان کی اسٹاک مارکیٹ کے مرکزی انڈیکس میں تقریباً 2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ جنوبی کوریا کی اسٹاک مارکیٹ میں 9.5 فیصد تک نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح انڈونیشیا کی مالیاتی منڈی میں 2 فیصد جبکہ تھائی لینڈ کی اسٹاک مارکیٹ میں تقریباً 3 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:آبنائے ہرمز بند ہونے کے باعث تیل کتنا مہنگا ہوسکتا ہے؟

ادھر مقامی کرنسی مارکیٹ میں بھی معمولی بہتری دیکھنے میں آئی ہے، بینکوں کے درمیان ڈالر کی قیمت ایک پیسہ کم ہو کر 279 روپے 41 پیسے ہو گئی ہے۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق اگر سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار رہا اور عالمی مالیاتی صورتحال مستحکم رہی تو آئندہ دنوں میں بھی اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان جاری رہنے کا امکان ہے۔

ضرور پڑھیں