کاروباری ہفتے کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 44 پوائنٹس کی معمولی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 84 ہزار 129 پوائنٹس پر بند ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق ہفتے کے دوران 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 88 ہزار 312 پوائنٹس رہی، جبکہ کم ترین سطح ایک لاکھ 82 ہزار 792 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔ اتار چڑھاؤ کے باوجود مارکیٹ میں سرگرمی برقرار رہی اور ایک ہفتے میں مجموعی طور پر 196 ارب روپے مالیت کے 4 ارب شیئرز کا لین دین ہوا۔
مارکیٹ کی مجموعی مالیت یعنی مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 55 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 20 ہزار 882 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کی نظریں ملکی معاشی اشاریوں اور آئندہ اقتصادی رپورٹوں پر مرکوز رہیں، جس کے باعث خرید و فروخت میں احتیاط برتی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمتوں میں بڑا اُچھال، ہزاروں روپے مہنگا
مہنگائی سے متعلق جاری اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2026 میں افراطِ زر کی شرح 5.80 فیصد رہی، جو دسمبر 2025 میں 5.61 فیصد تھی۔ اس معمولی اضافے کے باوجود تجارتی خسارے میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔
جنوری 2026 میں تجارتی خسارہ ماہانہ بنیادوں پر 29 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 7 فیصد کم ہوا، اس کا حجم 2 ارب 73 کروڑ امریکی ڈالر رہا۔