پانچ سال پرانی گاڑیاں اب درآمد کے قابل،نئے قواعد متعارف
used cars import
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) آئی ایم ایف کی جانب سے پانچ سال پرانی گاڑیوں کی درآمد کی اجازت دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومتِ پاکستان کو پانچ سال پرانی استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کی اجازت دینے کی منظوری دے دی ہے، جس کا باقاعدہ اطلاق ستمبر 2025 سے ہوگا۔ یہ انکشاف وزارتِ تجارت کے حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ کے دوران کیا۔

ذرائع کے مطابق نئی پالیسی کے تحت ان گاڑیوں پر 40 فیصد اضافی ڈیوٹی عائد کی جائے گی، جو آئندہ دو برسوں میں مرحلہ وار ختم کر دی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مالی سال 2027 سے سات سال پرانی گاڑیوں کی درآمد بھی ممکن ہو سکے گی، جبکہ تین سال پرانی گاڑیوں پر عائد سابقہ پابندیاں اٹھا لی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:چینی کمپنی کا پنجاب میں الیکٹرک گاڑیوں کے پلانٹ قائم کرنے کا فیصلہ

حکام نے مزید بتایا کہ یہ اضافی ڈیوٹی بیگیج اسکیم پر لاگو نہیں ہوگی، تاہم اس سہولت سے استفادہ کیلئے بیرونِ ملک 700 دن قیام کی شرط لازمی ہوگی۔

کارماہرین کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کے نفاذ سے مقامی آٹو انڈسٹری کو مقابلے کا سامنا ہوگا، مگر عوام کیلئے گاڑیوں کی دستیابی میں بہتری، قیمتوں میں کمی اور معیار میں اضافہ متوقع ہے۔ 

یاد رہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت حکومت کو درآمدی اصلاحات پر عمل درآمد کرنا لازم تھا، تاکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر قابو پایا جا سکے اور صارفین کو بہتر انتخاب میسر آ سکے۔