ہائبرڈ گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ واپس
hybrid cars
فائیل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) حکومت نے چھوٹی ( 1800cc انجن) ہائبرڈ گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بڑھانے کی تجویز واپس لے لی جس سے ماحول دوست ٹیکنالوجی کی حوصلہ افزائی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

مجوزہ اضافے کے تحت سیلز ٹیکس کی شرح 12.5 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کی جانی تھی، جس سے حکومت کو 7 ارب روپے اضافی آمدن متوقع تھی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے جائزے کے بعد حکومت نے ٹیکس بڑھانے کی تجویز منسوخ کرتے ہوئے موجودہ 12.5 فیصد شرح برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آٹو انڈسٹری اور صارفین کی جانب سے اس فیصلے کو سراہا جا رہا ہے جو مہنگائی کے دوران ہائبرڈ گاڑیوں کی خریداری میں آسانی چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سوزوکی نے کتنی گاڑیاں فروخت کیں؟ اعدادوشمار آگئے

یاد رہے یہ ایک سال کے دوران دوسرا موقع ہے جب حکومت نے ہائبرڈ گاڑیوں پر ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ بجٹ کی حتمی منظوری سے پہلے واپس لیا ہے۔ موجودہ آٹو پالیسی کے مطابق جون 2026 تک ہائبرڈ گاڑیوں پر ٹیکس میں اضافہ نہیں کیا جا سکتا، جس کا مقصد ماحول دوست اور ایندھن بچانے والی گاڑیوں کو فروغ دینا ہے۔

چھوٹی گاڑیوں (850cc) تک کے لیے حکومت نے سیلز ٹیکس 12.5 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کی تجویز واپس نہیں لی، اس اقدام سے کم آمدنی والے طبقے پر مالی دباؤ پڑنے کا خدشہ ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے ریونیو بڑھانے اور ماحول دوست پالیسیوں کے درمیان توازن پیدا کرنے کی کوشش ہے۔