
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج ملکی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 7 ہزار 800 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کے دام 3 لاکھ 42 ہزار 200 روپے سے بڑھ کر 3 لاکھ 50 ہزار روپے پر پہنچ گئے۔
جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملکی صرافہ بازاروں میں 10گرام سونے کی قیمت 6 ہزار 687 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 68 روپے پر جا پہنچی ہے۔
دوسری جانب عالمی بازار مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 76 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، نئے اضافے سے بین الاقوامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت 3 ہزار 316 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں یہ تیزی عالمی سطح پر جاری معاشی غیر یقینی، مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امریکی ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے باعث دیکھی جا رہی ہے۔
معاشی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ سرمایہ کار غیر مستحکم حالات میں سونے کو محفوظ سرمایہ کاری تصور کرتے ہیں، جس سے اس کی طلب میں اضافہ ہوتا ہے۔
دوسری جانب ملکی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اضافے سے شادی بیاہ کے سیزن میں عوام کو شدید مالی دباؤ کا سامنا ہو سکتا ہے، یہ اضافہ صنعتی شعبے کے لیے بھی مہنگائی کا باعث بن سکتا ہے، خاص طور پر ان شعبوں میں جہاں سونا خام مال کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔
جیولرز کا کہنا ہے کہ خریداروں کی قوت خرید متاثر ہو رہی ہے جس سے سونے کی فروخت میں کمی کا خدشہ ہے۔



