کِیا اسپورٹیج ایل کی قیمت میں 18 لاکھ روپے سے زائد کمی
Kia Sportage L Price Drop
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) کِیا موٹرز (Kia Motors) نے اپنی مقبول ترین ہائبرڈ ایس یو وی 'کیا اسپورٹیج ایل (Kia Sportage L) کی قیمتوں میں حیران کن حد تک کمی کا اعلان کر دیا۔

کمپنی نے مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی مسابقت خصوصاً ہنڈائی ٹکسن (Hyundai Tucson) کے نئے ہائبرڈ ویرینٹ کے مقابلے میں اپنی پوزیشن مضبوط رکھنے کیلئے یہ قدم اٹھایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کِیا موٹرز نے Sportage L HEV کی قیمت میں 18 لاکھ 51 ہزار روپے کی کمی کی ہے، جس کے بعد اب یہ جدید اور فیچر سے بھرپور گاڑی صرف 1 کروڑ 9 لاکھ 99 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی۔ اسی طرح Sportage L FWD کی قیمت میں 18 لاکھ 26 ہزار روپے کمی کے ساتھ نئی قیمت 99 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں سب سے سستی ویرینٹ Sportage L Alpha کی قیمت میں 10 لاکھ روپے کمی کے بعد نئی قیمت 84 لاکھ 99 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

اس بڑی قیمت میں کمی کا مقصد ہائبرڈ ایس یو وی مارکیٹ میں کیا کی موجودگی کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ کیا اسپورٹیج ایل ایک مکمل پیکیج ہے، جس میں جدید ایل ای ڈی ڈی آر ایلز، ری ڈیزائنڈ ٹیل لائٹس اور خوبصورت فرنٹ ڈیزائن شامل ہے۔ انٹیریئر میں اسمارٹ لائٹنگ، آرام دہ نشستیں اور جدید انفوٹینمنٹ سسٹم صارفین کو پرتعیش احساس فراہم کرتا ہے۔

محفوظ ڈرائیونگ کے شوقین افراد کیلئے ایڈاپٹیو کروز کنٹرول، لین کیپ اسسٹ اور بلائنڈ اسپاٹ مانیٹرنگ جیسے جدید فیچرز شامل کیے گئے ہیں جو اسے اپنی کلاس میں نمایاں بناتے ہیں۔ کیا موٹرز نے واضح کیا ہے کہ قیمتوں میں یہ کمی صرف محدود مدت اور موجودہ اسٹاک تک ہی دستیاب ہے، لہٰذا جو پہلے آئے گا وہی اس آفر سے فائدہ اٹھا سکے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کیا اسپورٹیج اور ہنڈائی ٹکسن طویل عرصے سے ایک دوسرے کی بڑی حریف رہی ہیں، دونوں برانڈز اپنے معیار اور فیچرز کے لحاظ سے صارفین میں بے حد مقبول ہیں۔ ہنڈائی کی جانب سے ٹکسن ہائبرڈ کی کم قیمت پر دستیابی کے بعد کیا موٹرز کی جانب سے یہ قدم مارکیٹ میں نئی جان ڈالنے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔