پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست اضافہ
Pakistan Stock Exchange today
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔

جاری کردہ اعدا د و شمار کے مطابق 100 انڈیکس میں 2046 پوائنٹس کا بڑا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

کاروباری دن کے آغاز پر ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوتا نظر آیا، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس 113,337 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔

خیال رہے کہ یہ اضافہ گزشتہ روز کی شدید مندی کے بعد سامنے آیا ہے، جب بدھ کو انڈیکس 3,545 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 111,362 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں یہ مثبت رجحان سیاسی استحکام، اقتصادی اقدامات اور آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات میں پیش رفت کی خبروں کے نتیجے میں دیکھنے میں آیا ہے۔ سرمایہ کاروں نے بڑی تعداد میں حصص کی خریداری میں حصہ لیا، جس سے مارکیٹ کا مجموعی ماحول خوشگوار رہا۔

دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں بھی کرنسی کی صورتحال میں بہتری دیکھی گئی۔ ڈالر کی قیمت میں 7 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد امریکی ڈالر 280 روپے 90 پیسے پر ٹریڈ ہوتا رہا۔

ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ کرنسی مارکیٹ میں استحکام ملکی معیشت کیلئے نیک شگون ہے،مارکیٹ میں یہ مثبت تبدیلیاں معیشت کی سمت درست ہونے کا اشارہ دے رہی ہیں، جو سرمایہ کاروں اور عوام دونوں کیلئے امید افزا ہیں۔