
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو استعمال کے لیے 11.8 کلوگرام کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 37 روپے 80 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2 ہزار 892 روپے 91 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح فی کلو ایل پی جی کی قیمت 3 روپے 20 پیسے کم کی گئی ہے جس کے بعد فی کلو ایل پی جی کی قیمت 245 روپے 16 پیسے ہو گئی ہے۔
تاہم عام شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے طوفان میں یہ کمی “نمک کے برابر” ہے، شہریوں نے شکوہ کیا کہ سبزیوں اور دیگر ضروری اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ایسے میں صرف چند روپے کی کمی لوگوں کی زندگی میں حقیقی فرق پیدا نہیں کرتی۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت کو چاہیے کہ وہ ایندھن سمیت دیگر بنیادی ضروریات میں پائیدار کمی لائے تاکہ عام آدمی کی مشکلات کم ہوں اور ملکی معیشت میں مزید استحکام آ سکے اور شہریوں کو حقیقی ریلیف مل سکے، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ریلیف وقتی نہیں، مستقل بنیادوں پر دیا جائے۔



