سیمنٹ کی کم از کم ریٹیل قیمت مقرر کردی
FBR cement pricing policy
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیمنٹ انڈسٹری کیلئے سیلز ٹیکس کی وصولی کو مؤثر بنانے کیلئے کم از کم ریٹیل قیمت مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ نیا نظام یکم مئی 2025ء سے ملک بھر میں نافذ العمل ہوگا۔ اس حوالے سے منگل کے روز باقاعدہ ایس آر او 746(I)/2025 جاری کر دیا گیا ہے۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد سیمنٹ کمپنیوں کی جانب سے انڈر انوائسنگ (کم قیمت پر رسیدیں جاری کرنا) جیسے ہتھکنڈوں کی روک تھام ہے، جن کے باعث قومی خزانے کو بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

واضح رہے کہ نئی پالیسی کے تحت اب سیلز ٹیکس کی ادائیگی قومی اوسط ریٹیل قیمت کی بنیاد پر ہوگی، جو پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس (پی بی ایس) کی جانب سے حساس قیمت اشاریہ (SPI) میں ہر ماہ کی پہلی اور سولہویں تاریخ سے قبل شائع کی جاتی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی متوقع

 

ایف بی آر کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990ء کی شق 2 کے کلاز (46) کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ مقرر کردہ کم از کم ریٹیل قیمت ہر پندرہ روزہ مدت کے آغاز پر لاگو ہوگی اور اس کا اطلاق ملک بھر میں تمام سیمنٹ کمپنیوں پر یکساں طور پر ہوگا۔

ماہرین کے مطابق یہ قدم نہ صرف ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے میں مدد دے گا بلکہ مارکیٹ میں شفافیت بھی لائے گا۔ صارفین کی جانب سے بھی توقع کی جا رہی ہے کہ اس اقدام کے نتیجے میں قیمتوں میں استحکام آئے گا اور غیر ضروری منافع خوری کی حوصلہ شکنی ہوگی۔